اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف آج برو زجمعرات آذر بائیجان کے دو روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گےجہاں وہ اقتصادی تعاون تنظیم ( ای سی او ) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔سربراہی اجلاس آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں 3 تا 4 جولائی منعقد ہوگا جس میں وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کے وفد کی قیادت کریں گے۔ای سی او کے اس سربراہی اجلاس کا موضوع ’ پائیدار اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے والے مستقبل کیلئے ای سی او کا نیا وژن’ ہے۔سربراہی اجلاس کے دوران وزیرِاعظم علاقائی اور عالمی سطح پر درپیش اہم چیلنجز کے بارے میں پاکستان کا نقطۂ نظر پیش کریں گے۔وزیرِاعظم اجلاس کے موقع پر ای سی او کے دیگر رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔