اسلام آباد(نمائندہ جنگ )ڈیجیٹل اور کیش لیس معیشت کی جانب پیش قدمی جاری ‘وزیراعظم محمد شہبازشریف نے متعلقہ حکام کو تمام اہداف دگنا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ معیشت میں شفافیت کے لیے ڈیجیٹل ٹرانزیکشن سسٹم ناگزیر ہے،شہریوں اور کاروباری اداروں کے درمیان ادائیگیوں کو آسان بنانا اور ڈیجیٹل سسٹم کے استعمال سے متعلق آگاہی بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے،کیش لیس اکانومی کے حوالے سے قائم کمیٹیاں تمام شراکت داروں کے ساتھ مل کر قابل عمل تجاویز پیش کریں ۔جمعرات کو شہباز شریف کی زیر صدارت کیش لیس و ڈیجیٹل معیشت کے حوالے سے ہفتہ وار اجلاس یہاں ہوا ۔وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینے کے حوالے سے اسٹیٹ بینک تاجروں کے لئے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے طریقہ کار کو آسان اور سہل بنانے کے لئے حکمت عملی ترتیب دے رہا ہے‘ ڈیجیٹل ادائیگیوں میں چھوٹے کاروباروں کی حوصلہ افزائی اور شمولیت کے لئے سہل پیکج متعارف کرایا جائے گا،ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لئے موبائل فون ایپلی کیشنز استعمال کرنے والوں کی تعداد 95 ملین سے 120 ملین تک لے جانے کا ہدف ہے،کیو آر کوڈ استعمال کرنے والے تاجروں کے تعدد 0.9 ملین سے 2 ملین تک لے جانے کا ہدف ہے‘ مجموعی ڈیجیٹل ادائیگیوں کو 7.5 بلین روپے سے 12 بلین روپے تک بڑھایا جائے گا۔