کراچی(ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے میزبان شاہزیب خانزادہ نے کہا ہے کہ ایران سے افغان مہاجرین کی بے دخلی سے افغانستان میں بحران بڑھنے کا خدشہ ہے؟، اسد رجیم کے خاتمے کے بعد کیا شام، اسرائیل کو تسلیم کرلے گا؟، پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر امراض قلب پروفیسر ڈاکٹر ندیم رضوی نے کہا کہ رومیٹک ہارٹ ڈیزز غریب ممالک میں یہ زیادہ بڑا مسئلہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق میزبان شاہزیب خانزدہ نے مزید کہا کہ ایران سے افغان مہاجرین کی بے دخلی سے افغانستان میں بحران بڑھنے کا خدشہ ہے ۔ جس پر تحفظات کا اظہار کیا جارہا ہے ایرانی میڈیا کے مطابق ایران اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے تیرہ سو سے زائد سوشل ایکٹوسٹ ، آرٹسٹ اور صحافیوں نے ایرانی حکومت کے نام ایک کھلا خط جاری کیا ہے جس میں افغان مہاجرین کی بڑے پیمانے پر ملک بدری کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ ایرانی حکومت کا کہنا ہے کہ اچھے میزبان بننے کی کوشش کرتے رہے ہیں لیکن قومی سلامتی ہماری ترجیح ہے اور ظاہرہے کہ غیر ملکیوں کو واپس جانا ہی ہوگا ۔UNHCR کے افغانستان کے لیے نمائندہ عرفات جمال نے کہا تھا کہ وہ اس پش بیک کے بارے میں فکر مند ہیں کیوں کہ اسرائیلی حملوں کا غصہ ایران میں افغان شہریوں پر نکالا جارہا ہے۔ شام چاہتا ہے کہ اسرائیل اس کی سرزمین پر حملے بند کرے اور بہت سے شامی شہری اسرائیل کی جانب سے گولان کی پہاڑیوں پر بڑھتے قبضے پر فکر مند ہیں لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ آیا احمد الشرع کی حکومت ان قبضہ شدہ علاقوں کی واپسی کا باضابطہ مطالبہ گی یا نہیں؟غزہ میں جنگ بندی ٹرمپ کے اشاروں کے باوجود حتمی پیشرفت نہ ہوسکی ہے اسرائیلی بمباری جاری ہے۔