کراچی( اسٹاف رپورٹر )صوبائی وزیر سعید غنی نے لیاری میں منہدم ہونے والی عمارت کے جائے وقوعہ کا دورہ کرکے ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا ،انہوں نے بتایا کہ متاثرہ عمارت خطرناک قرار دی جا چکی تھی اور متعدد بار عمارت کو خالی کروانے کے نوٹسز مکینوں کو دئیے گئے تھے، دریں اثنا انہوں نے بلڈنگ گرنے کی تحقیقات کیلئے فوری طور پر ایک اعلٰی سطح کی کمیٹی قائم کردی ہے، وزیر بلدیات نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ افسران کو معطل کرنے کے احکامات بھی جاری کرد ئے ،علاوہ ازیں مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا،انہوں نے بتایا کہ عمارت خطرناک تھی اور انتظامیہ نے تین سے چار نوٹسز مکینوں کو دئیے تھے لیکن انہوں نے عمارت کو خالی نہیں کیا،ہم جبری طور پر لوگوں کو نہیں نکال سکتے انھیں قائل کر سکتے ہیں، جو عمارتیں خطرناک قرار دی گئی ہیں ان کے مکین ان کو خالی کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہو۔