اسلام آباد(رانا غلام قادر )تمام ترحکومتی کوششیں تاحال بے سود ثابت ہوئی ہیں اورچینی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا-ملک میں چینی کی اوسط قیمت دو روپے بتیس پیسےفی کلومزیدبڑھ گئی جس کے بعد ملک میں چینی کی اوسط قیمت ایک سو چوراسی روپےبیانوے پیسے فی کلو پر پہنچ گئی جبکہ چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت ایک سو چھیانوے روپے فی کلو تک ہے۔وفاقی ادارہ شماریات نےچینی کی قیمتوں کے نئے اعدادو شمار جاری کرد یے-ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چینی کی اوسط قیمت میں 2 روپے32پیسےفی کلوکااضافہ ہوا۔ملک میں چینی کی اوسط قیمت 184روپے92پیسےفی کلو ہے اورگذشتہ ہفتے تک چینی کی اوسط قیمت182روپے60 پیسےفی کلو تھی جبکہ ایک سال قبل ملک میں چینی کی اوسط قیمت 144روپے 72پیسےفی کلوتھی-واضح رہےکہ موجودہ حکومت نےجون سے لیکر اکتوبر2024 کےدوران مجموعی طور پر 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دی تھی اور آخری بار اکتوبر2024 میں 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی گئی -وفاقی حکومت نے چینی کی برآمد کے وقت فیصلہ کیا تھا کہ چینی کی ریٹیل قیمت 145 روپے 15 پیسے فی کلو سے زیادہ ہونے پر چینی کی ایکسپورٹ فوری روک دی جائے گی تاہم دسمبر2024 سےفروری 2025 کے دوران چینی برآمد بھی ہوتی رہی اور قیمتیں بھی اسی دوران مسلسل بڑھتی رہیں لیکن چینی کی برآمد نہیں روکی گئی بلکہ اب وفاقی حکومت 5 لاکھ میٹرک چینی امپورٹ کرنے پر کام کررہی ہے۔