• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

5 مئی کو ایک آمر نے قوم کے جمہوری سفر کو پٹری سے اتارا، بلاول

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 5 جولائی 1977ء پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، بلاول بھٹو زرداری نے ملک کی نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ تاریخ سے سبق سیکھے، آمریت کی ہر شکل کیخلاف خبردار ہو اور جمہوری اقدار کے تقدس کا ہر حال میں دفاع کرے۔ انھوں نے کہا کہ یہ وہ دن تھا جب عوام کی مرضی کو ایک آمر کے پنجوں میں دبوچ لیا گیا اور قوم کے جمہوری سفر کو بذریعہ جبر پٹڑی سے اتار دیا گیا۔ بلاول ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی منتخب حکومت پر شب خون کو 48 سال مکمل ہونے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ قائدِ عوام بھٹو شہید نے بے زبانوں کو زبان دی، غریبوں کو وقار بخشا اور عوام کو طاقت کا سرچشمہ بنایا۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ 5 جولائی کو مارے جانے والے شب خون کا مقصد عوام کی اُس آواز کو خاموش کرنا، اُس وقار کو روندنااور اُس اختیار کو چھیننے کی سازش تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سیاہ رات میں جس آمریت نے پاکستان کو یرغمال بنایا، اسی نے انتہاپسندی، فرقہ واریت اور عدم برداشت کے بیج بوئے۔بلاول بھٹو زرداری نے قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اُس وژن کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، جو ایک ایسے پاکستان کے لیے جدوجہد ہے جہاں عوام خود مختار ہوں، آئین بالادست ہو اور پارلیمان و بیلٹ باکس سے بالاتر کوئی قوت نہ ہو۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکنِ سندھ اسمبلی فریال تالپور نے کہا ہے کہ 5 جولائی 1977ع کا دن ملکی تاریخ میں ہمیشہ ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا کہ اس دن صرف ایک منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ نہیں کیا گیا تھا بلکہ پاکستان کے عوام کے حقِ حاکمیت کو تاراج اور خودمختاری کو پامال کیا گیا۔
اہم خبریں سے مزید