• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: والدین کی معاونت کیلئے نئی موبائل ایپ متعارف

— جنگ فوٹو
— جنگ فوٹو

راچڈیل بار و کونسل کی جانب سے والدین اور سرپرستوں کےلیے ایک نئی موبائل ایپ متعارف کروائی گئی ہے، جو حمل سے لے کر نوجوانی تک بچوں کی پرورش میں مدد فراہم کرے گی۔

یہ نئی ’جی ایم فیملی ہب‘ نامی ایپ ہے، جو ایسنشیل پیرنٹ کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے۔ 

یہ ایپ برطانوی شہر روچڈیل، مڈلٹن اور ہیو ووڈ کے رہائشیوں کو مقامی معلومات اور مشورے مفت فراہم کرتی ہے۔ اس ایک ایپ میں بچوں کی صحت، ذہنی نشوونما، رویے کی رہنمائی، خواتین کی صحت اور خصوصی تعلیمی ضروریات و معذوری جیسے اہم موضوعات پر قابلِ اعتماد معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

کونسلر ریچل میسی، جو بچوں کی خدمات اور تعلیم کی نگراں ہیں، کا کہنا ہے کہ ہم میں سے ہر والدین مختلف طریقوں سے رہنمائی تلاش کرتا ہے، کبھی آن لائن، کبھی کتابوں کے ذریعے اور کبھی کسی ماہر سے بات کر کے۔ 

اس ایپ کی بدولت اب یہ سب قابلِ اعتماد معلومات ایک ہی جگہ پر دستیاب ہیں، جو خاص طور پر اُن لمحوں میں مددگار ثابت ہوں گی جب فوری معاونت درکار ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایپ اسکول نرسوں یا ہیلتھ وزیٹرز جیسے پیشہ ور افراد کے کردار کی جگہ نہیں لے رہی بلکہ اُن کی فراہم کردہ خدمات کو تقویت دیتی ہے۔ ہمارا مقصد ہر بچے کو زندگی کی بہترین شروعات دینا ہے اور یہ ایپ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

کثیر لسانی ایپ 75 سے زائد زبانوں میں دستیاب ہے اور اسے iOS اور Android پر مفت ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ رجسٹریشن کے بعد، صارفین اپنے پوسٹ کوڈ درج کرتے ہیں جس کے بعد ایپ خود بخود راچڈیل کے لیے مخصوص مواد فراہم کرتی ہے۔

اس ایپ کی خصوصیات میں زچہ و بچہ کی صحت پر مقامی مشورے، 30 سے زائد قومی اداروں کی ماہر رہنمائی، خاندان کی بھلائی اور نفسیاتی معاونت، ویڈیوز، خبروں اور معلوماتی آرٹیکلز کا ذخیرہ شامل ہیں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید