ایک نئے تجزیے کے مطابق بچوں والی خواتین کی اوسط آمدنی بچوں والے مردوں کے مقابلے میں ایک تہائی کم ہے، یعنی وہ فی ہفتہ 302 یورو کم اور فی گھنٹہ تقریباً 20 فیصد کم کماتی ہیں۔
یہ اعداد و شمار برطانیہ کے دفترِ قومی شماریات (ONS) کے ڈیٹا پر مبنی ہیں۔
اس فرق کا مطلب یہ ہے کہ اس سال ماؤں کے لیے مساوی تنخواہ کا دن (Mums Equal Pay Day) یکم ستمبر کو آ رہا ہے، جو تمام خواتین کے لیے عمومی مساوی تنخواہ کے دن سے تقریباً 3 ماہ پہلے ہے، اس تاریخ کے بعد مائیں باقی سال مفت کام کرتی نظر آتی ہیں، جب ان کی کمائی کا موازنہ والد سے کیا جائے۔
والدین کے لیے آن لائن ’گروتھ اسپرٹ‘ پروگرام کی بانی جویلی بریرلی نے کہا کہ جنسوں کے درمیان اجرت کا فرق بچوں کی پیدائش کے بعد اس قدر بڑھ جاتا ہے کیونکہ خاندان شروع کرنا خواتین کی آمدنی پر غیر متناسب طور پر منفی اثر ڈالتا ہے۔
دفترِ شماریات نے اس تجزیے کو درست تسلیم کیا ہے، تاہم بریرلی کے مطابق اصل صورتحال اس سے کہیں زیادہ خراب ہے کیونکہ یہ اُن والدین کو شمار نہیں کرتا جو نگہداشت کی ذمہ داریوں کے باعث معاشی طور پر غیر فعال ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ خواتین کو زیادہ امکان ہے کہ وہ مہنگی چائلڈ کیئر، زچگی کی بنیاد پر امتیاز اور فلیکسیبل کام کے مواقع نہ ملنے کے باعث اپنی ملازمتیں چھوڑنے پر مجبور ہوتی ہیں۔