اسلام آباد( تنویر ہاشمی ) کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے گٹھ جوڑ سے قیمتوں کا تعین ، مارکیٹ اجارہ داری اور گمراہ کن تشہیر کے خلا ف گزشتہ مالی سال25- 2024میں مختلف شعبوں کے خلاف 24نئی انکوائریوں کا آغاز کیا اور مجموعی طور پر 27تحقیقات کو مکمل کرکے فیصلے دیئے، مجموعی طورپر مختلف شعبوں میں 42انکوائریاں کی گئی ہیں ، ٹیلی کمیونیکشن ، توانائی ، ٹرانسپورٹ ، سروسز و خدمات اور انڈسٹری و مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں کارٹلائزیشن کے خلاف 11نئی انکوائریاں شروع ہوئی ،10گزشتہ انکوائریاں چل رہی تھیں اور کارٹیلائزیشن کے خلاف 9انکوائریاں مکمل کی گئی ہیں جبکہ 12انکوائریاں جاری ہیں ، اس طرح گمراہ کن مارکیٹنگ کے خلاف 13نئی انکوائریاں شروع کی گئ ہیں ، گزشتہ سال کی جاری 8انکوائریوں پر بھی کام کیاگیااور 5انکوائریاں مکمل کر کے فیصلے دیئے گئے اور 16انکوائریاں پر تحقیقات جاری ہیں، گمراہ کن مارکیٹنگ اور دھوکہ دہی سے متعلق انکوائریاں صنعتی شعبے ، ایف ایم سی جی ، فارماسیوٹیکلز ، رئیل سٹیٹ ، تعلیمی شعبے اور مالیاتی شعبے میں کی جارہی ہیں ، ذرائع کے مطابق سی سی پی کے فیصلوں کے خلاف عدالتوںمیں کیسوںمیں بھی واضح کمی آئی ہے اور ان کی تعداد577سے کم ہو کر 380پر آگئی ۔