کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ʼʼکیپٹل ٹاکʼʼ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو ہٹانے کی بات بڑی افواہ ہے اور میں اس کی بھرپورشدت سے مذمت کرتا ہوں۔ میزبان حامد میر نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ دس محرم گزر گیا ہے اور ہمیں بتایا گیا تھا کہ اس کے بعد تحریک انصاف حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز کرے گی تو برسات کا موسم بھی ہے تو اس میں اپوزیشن جلسے جلوس کیسے کرے گی،تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نثار احمد جٹ نے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے اقدامات اپنی رائے سے زیادہ یہ مریم نواز کے تحفظ کی کوشش لگتی ہے۔ ہماری مشاورت جاری ہے کچھ حلقے مذاکرات کے حق میں ہیں کیونکہ ہم ڈیڈ لاک نہیں چاہتے لیکن حکومت سنجیدہ رویہ نہیں دکھاتی۔ آئین و قانون کی بنیاد پر بات چیت ہونی چاہیے احتجاج ہمارا حق ہے اور کسان و متوسط طبقے کے لیے آواز اٹھانا لازم ہے اس لیے ہم پرامن احتجاج کی حکمت عملی کے تحت تحصیل ضلع اور ڈویژن کی سطح پر کنونشن کریں گے۔