• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد، سندھ، پشاور، بلوچستان ہائیکورٹس کے چیف جسٹسز نے حلف اٹھا لیا

کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں) اسلام آباد، سندھ اور پشاور ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ صدر آصف زرداری نے جسٹس سرفراز ڈوگر سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا حلف لیا،گورنر سندھ نے جسٹس جنید غفار سے، گورنرکے پی کے نے جسٹس عتیق شاہ سے جبکہ گورنر بلوچستان نے جسٹس روزی خان سے عہدے کا حلف لیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے عہدے کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی، جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس سردار سرفراز ڈوگر سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کا حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت اہم شخصیات اور سینئر وکلا کی بڑی تعداد موجود تھی۔ قبل ازیں جسٹس محمد جنید غفار نے بطور 26 ویں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ گورنر ہاؤس کراچی میں چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس محمد جنید غفار کی تقریب حلف برداری کی تقریب ہوئی، جس میں چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے تعیناتی کا نوٹیفیکیشن پڑھ کر سنایا۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے چیف جسٹس سے عہدے کا حلف لیا۔
اہم خبریں سے مزید