اسلام آباد(صالح ظافر) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز ایک اہم سیاسی ڈونر عماد زبیری کی 12 سالہ سزا معاف کر دی، جو متعدد الزامات میں قید کی سزا کاٹ رہے تھے۔ وائٹ ہاؤس نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان الزامات میں ٹرمپ کی 2017 کی افتتاحی کمیٹی کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنا بھی شامل تھا۔54 سالہ عماد زبیری نے ابتدا میں ڈیموکریٹس کی حمایت کی، مگر 2016 کے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی کامیابی کے بعد ان کی حمایت شروع کر دی۔ٹرمپ کے انتخابی فتح کی رات سے پہلے، زبیری نے ہیلری کلنٹن اور باراک اوباما کے لیے فنڈ ریزنگ کی، اور دونوں کی انتخابی مہمات کی فنانس کمیٹیوں میں خدمات انجام دیں۔2016 کے انتخابات کے بعد کے چند مہینوں میں، زبیری نے ٹرمپ اور ریپبلکن پارٹی سے وابستہ کمیٹیوں کو 11 لاکھ ڈالر سے زائد کی رقم عطیہ کی، جس کے بدلے میں انہیں ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریبات میں دو بلیک ٹائی ڈنر میں شرکت کی دعوتیں ملیں۔