• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشیر صحت آج ژوندون او پی ڈی کارڈ کا افتتاح کرینگے، آغازٹی ایچ کیو تخت بھائی سے

پشاور (خصوصی نامہ نگار) مشیر صحت خیبرپختونخوا احتشام علی صحت کے شعبے میں آج ژوندون او پی ڈی کارڈ کا باضابطہ افتتاح کریں گے، اس منصوبے کا آغاز تحصیل ہیڈکوارٹر ز ہسپتال تخت بھائی سے کیا جائے گا۔ مشیر صحت احتشام علی کے مطابق اس منصوبے کے تحت مستحق اور نادار شہریوں کو سرکاری اسپتالوں میں تمام بنیادی ادویات مفت فراہم کی جائیں گی، تاکہ کوئی فرد دوا کے اخراجات کے باعث علاج سے محروم نہ رہے، صحت کارڈ پلس کے تحت اب تک صرف اسپتال میں داخل مریضوں کو مفت طبی سہولیات کی جارہی تھیں لیکن ژوندون او پی ڈی کارڈ کی بدولت اب مستحق افراد او پی ڈی خدمات بھی مفت حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر یہ پائلٹ پروگرام مردان میں شروع کیا جا رہا ہے، جس کے پہلے مرحلے اے ہزاروں مستحق خاندان مستفید ہوں گے۔ بعد ازاں اس منصوبے کو مرحلہ وار کوہاٹ، چترال، مالاکنڈ سمیت دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔حکومت خیبر پختونخوا نے اس انقلابی اقدام کے لئے 2 ارب روپے مختص کئے ہیں، جس کا مقصد عوام کو مفت، باوقار اور بروقت علاج کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ احتشام علی نے کہا کہ صحت ہر انسان کا بنیادی حق ہے، صوبائی حکومت یہ حق عوام کی دہلیز تک پہنچا رہی ہے، ژوندون کارڈ صرف ایک سہولت نہیں، بلکہ ایک نئی امید اور باعزت زندگی کی ضمانت ہے۔ عوام اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لئے اپنا شناختی کارڈ نمبر 9930 پر ایس ایم ایس کر کے اہلیت معلوم کر سکتے ہیں۔
پشاور سے مزید