• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی سی اور ویتنامی سرجنز کی مشترکہ کاوش، 14بچوں کے پیچیدہ کامیاب آپریشنز

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) اور پاکستان چلڈرن ہارٹ فاؤنڈیشن کے مشترکہ تعاون سے ویتنام سے آئے پیڈز سرجنز اور پی آئی سی پیڈز کارڈیالوجی اور کارڈیک سرجری ڈیپارٹمنٹ نے 14بچوں کے پیچیدہ کامیاب آپریشنز کر کے زندگی کی طرف دوبارہ لوٹا دیا۔پی آئی سی کی ترجمان رفعت انجم کے مطابق پانچ روزہ خصوصی تربیتی ورکشاپ کے دوران یہ کامیاب آپریشن کئے گئے۔ پی آئی سی پیڈز کارڈیالوجی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسین نے کہاہے کہ اس کامیاب اشتراک سے نہ صرف ان بچوں کو نئی زندگی ملی بلکہ امراض قلب میں مبتلا ایسے بچوں کے لے دو نئے آپریشنز بھی متعارف کئے گئے جن کی روزمرہ اور معمول کی زندگی میں آسانی پیدا ہوگی یعنی نیلا پن جیسی کیفیت کے باعث تکلیف دہ زندگی سے نجات ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد پاکستان میں بچوں کے دل کے امراض کا علاج اور اس کے نظام کو بہتر بنانا اور پاکستان کے ڈاکٹرز کو بین الاقوامی ڈاکٹر کے ساتھ کام کا موقع فراہم کرنا ہے۔ویتنام سے آئے پیڈیاٹرک سرجن پرو فیسر ڈاکٹر کاؤ ڈانگ کہانگ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگوں سے محبت کرتے ہیں یہ مشترکہ کاوش خیبر پختونخوا میں بچوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کا بہترین اشتراک ہے،دونوں ممالک کے مابین تعاون سے غریب و بیمار بچوں کی بحالی کے لئے بہتر کام ہوسکتا ہے۔پی آئی سی پیڈز کارڈیک سرجن ڈاکٹر مجیب رحمان داوڑ نے کہا کہ ویتنامی سرجنز کے ساتھ یہ شراکت داری ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ تعاون یہاں کے نوجوان سرجنز کی صلاحیتوں کو مزید نکھارے گا اور مستقبل میں پیچیدہ کیسز کو زیادہ اعتماد کے ساتھ کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔کامیاب آپریشنز ٹیم میں پی آئی سی پیڈز کارڈیالوجی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر اعجاز حسین، پیڈز سرجن اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر مجیب الرحمن ،ویتنام کے یونیورسٹی میڈیکل سنٹر ہوچی من سٹی کی ٹیم شریک تھی جس میں پیڈز سرجن پرو فیسر ڈاکٹر کاؤ ڈانگ کہانگ ،ڈاکٹرہوانگ کوک ترنگ اور لی ہانگ آہ شامل تھے۔
پشاور سے مزید