پشاور(آئی این پی ) خیبر پختونخوا پولیس نے خواتین کے خلاف ہراسانی کے واقعات کو روکنے کیلئے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے صوبے بھر میں ایک خصوصی "پنک بٹن الرٹ سسٹم نصب کرنے کا اعلان کیا ہے۔سنٹرل پولیس آفس کے پی کے اعلامیہ کے مطابق ابتدائی طور پر پشاور میں 68 پنک بٹن لگائے جائیں گے، یہ سہولت نہ صرف خواتین بلکہ دیگر شہری بھی اس سہولت سے استفادہ حاصل کرسکیں گے۔سی پی او کا کہنا ہے کہ پنک بٹن خواتین کے بازاروں، شاپنگ سینٹرز اور تعلیمی اداروں کے قریب لگائے جائیں گے تاکہ عوامی مقامات پر خواتین کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ یہ نظام براہ راست پولیس کنٹرول روم سے منسلک ہوگا، پنک بٹن دبانے سے شکایت کنندہ کی ویڈیو اور آواز کنٹرول روم کو موصول ہوگی، جس سے پولیس ٹیموں کی جانب سے فوری ردعمل ممکن ہو سکے گا۔اسی طرح، پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور بھر کے خواتین کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں پینک بٹن لگانے کا آغاز کر دیا۔ترجمان نے ہفتہ کو جاری بیان میں بتایا کہ پہلے مرحلے میں، 39 اداروں کو اس نظام سے لیس کیا گیا ہے، جسے بعد میں پنجاب بھر کے 450 سے زائد خواتین کے کالجوں تک پھیلا دیا جائے گا۔