اسلام آباد(نیوز ڈیسک)آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی کے صدر سینٹیر سرمد علی کی اے پی این ایس کے وفد کے ہمراہ صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ سے ملاقات کی ۔اس موقع پر پیٹرن انچیف یو بی جی ایس ایم تنویر،نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق جدون،نائب صدر ذکی اعجاز،چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک، چیئرمین کوارڈنیشن ملک سہیل بھی موجود تھے۔اے پی این ایس کے وفد میں اسلام آباد کمیٹی کی چیرمین فیصل زاہد ملک، خوشنود علی خان، منیر جیلانی، انصار بھٹی، امتنان شاھد، فوزیہ شاہین، جاوید شمسی، ہمایوں گلزار اور ڈاکٹر تنویر طاہر شامل تھے - ملاقات میں ملکی معیشت، میڈیا صنعت کو درپیش چیلنجز اور بالخصوص بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سینٹر سرمد علی نے کہا کہ ایک مستحکم میڈیا کاروباری طبقے کے لیے صحیح معلومات کی فراہمی، مارکیٹ کے رجحانات اجاگر کرنے اور سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ لہٰذا،میڈیا کی مشکلات کا حل بالآخر بزنس کمیونٹی کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ میڈیا معاشرے کا ایک روشن چہرہ ہے، انہوں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی، توانائی کے بحران، اور ٹیکس کے بوجھ جیسے مسائل کا ذکر کیا جو فی الحال بزنس کمیونٹی کو درپیش ہیں اور اس بات پر اتفاق کیا کہ ان مسائل کے حل کے لیے میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔انہوں نے میڈیا کی اس اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ وہ میڈیا اور بزنس کمیونٹی کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔