کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی اردو یونیورسٹی کے ریٹائرڈ اساتذہ اور ملازمین نے ایک بار پھر کراچی سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ ریٹائرڈ ملازمین کی پینشن اور دیگر واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔ریٹائرڈ اساتذہ و ملازمین کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر توصیف احمد خان نے ایک بیان میں شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں وفاقی وزیر تعلیم اور یونیورسٹی کے پروچانسلر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے عندیہ دیا تھا کہ وفاقی حکومت یونیورسٹی کے لیے خصوصی گرانٹ جاری کرنے والی ہے، جس کے بعد ملازمین کے واجبات ادا کیے جا سکیں گے۔تاہم اب وائس چانسلر نے یہ کہہ کر سب کو حیران کر دیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی گرانٹ نہیں مل رہی۔