اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ٹیرف کمیشن کی قانونی، انتظامی اور دیگر اداراجاتی اختیارات و فرائض کی ہنگامی بنیادوں پر تنظیم نو کی ہدایت کی ہے،انہوں نے یہ ہدایت گزشتہ روز نیشنل ٹیرف کمیشن کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس کے دوران دی۔ وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کی حالیہ کارکردگی کی تھرڈ پارٹی نظر ثانی کی جائے تاکہ اس کو مزید فعال بنایا جائے اور ، نئی ہدایات پر پیشرفت کی بریفنگ اگلے ماہ دی جائے، وزیراعظم شہباز شریف نے PNSC کو بین الاقوامی معیار کی شپنگ کمپنی بنانے کیلئےمنصوبہ طلب کرلیا جبکہ وزیراعظم سے علی باباکمپنی کی انٹرنیشنل مارکیٹس کے صدر کی ملاقات بھی ہوئی، وزیر اعظم نے نیشنل ٹیرف کمیشن کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتےہوئےکہاکہ نیشنل ٹیرف کمیشن کی نئی ٹیرف رجیم کے تقاضوں کی بخوبی انجام دہی کے لیے جدید خطوط پر تنظیم نو ناگزیر ہے، کمیشن کے پاس ملکی کاروبار، درآمدات و برآمدات مارکیٹ کے متعلق تمام زمینی حقائق اکٹھے کرنے کی موثراستعداد ہونی چاہئے ۔