• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیاری، عمارت گرنے کا واقعہ، مقدمہ درج، ایس بی سی اے کے 5 افسران گرفتار

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )لیاری بغدادی میں گرنے والی عمارت کے المناک سانحے کے واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ،ایس بی سی اے کے 5 افسران کو گرفتار کر لیا ہےا۔واقعہ کا مقدمہ عمارت کے مالک اور ایس بی سی اے کے افسران کے خلاف درج کیا گیا ہے۔واقعہ کا مقدمہ نمبر 237/25 زیر دفعہ 322/337 A (i) /288/427 /217/218 /34 لوکل گورنمنٹ اینڈ ہائوسنگ ٹائون پلاننگ ڈیپارٹمنٹ کے سیکشن آفسر کی مدعیت میں تھانہ بغدادی میں درج کیا گیا ہے۔مدعی کے مطابق سال 1986 میں مالک مکان نے فدا حسین شیخا روڈ نزد عمر آباد چوک پر واقع پلاٹ نمبر 136 شیٹ نمبر LY-18 جس کا مجموعی رقبہ 527.3sq گز ہے پر دو حصوں پر مشتمل گراونڈ پلس 5 منزلہ کی تعمیر کی۔ کافی عرصے سے عمارت کے دونوں حصے خستہ حالت میں تھے اور انسانی رہائش کے قابل نہیں تھے۔ عمارت کا ایک حصہ جس پر 20 فلیٹ تعمیر تھے مالکان اور ایس بی سی اے کے افسران کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے گر کر مکمل طور پر زمین بوس ہوگیا جس کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے۔ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ سال 2022 میں عمارت خستہ حالی سے متعلق ایس بی سی اے کے افسران اور ملازمین کو معلومات تھیں جبکہ سال 2022 سے 2025 تک ڈائریکٹرز ایس بی سی اے سید آصف رضوی ، سید زرغم حیدر ، سید عرفان حیدر نقوی ، اشفاق حسین ،جلیس صدیقی، فہیم مرتضیٰ جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹرز عاصم خان ، فہیم صدیقی ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظفر اقبال ، بلڈنگ انسپکٹرذ ذوالفقار شاہ ،ظفر اقبال جبکہ ریٹائرڈ کلرک جمیل اور یونس خان بلڈنگ گرنے تک عمارت کی خستہ حالی سے مکمل طور پر آگاہ تھے لیکن اپنی سرکاری ڈیوٹی اور اختیارات کی بجاآوری میں مکمل طور پر غفلت اور لاپرواہی برتتے ہوئے کوئی بھی سنجیدہ اقدامات کرنے میں ناکام رہے اور اس کے متعلق اپنے دفتری ریکارڈ میں جان بوجھ کر بلڈنگ کی خستہ حالی کا اندراج نہیں کیا جن کی غفلت و لاپرواہی کی وجہ سے بلڈنگ کا ایک حصہ گر گیا اور 27 افراد کی موت واقع ہوئی،جبکہ بلڈنگ کے موجودہ مالکان رحیم بخش خاصخیلی ولد یار محمد اور دیگر مالکان جنہوں نے جانتے بوجھتے ہوئے کہ مذکورہ بلڈنگ خستہ حال ہے اور انسانی رہائش کے قابل نہیں ہے بلڈنگ کے متعلق غفلت اور لاپرواہی برتتے ہوئے متعدد فلیٹ اقلیتی کمیونٹی ( ہندو ) کو کرائے پر دئیے۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے جمعرات کو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر میں چھاپہ مار کر ایس بی سی اے کے 5افسران کو گرفتار کر لیا ہے۔ایس ایس پی سی عارف عزیز کے مطابق گرفتار افسران میں ڈائریکٹرز سید عرفان حیدر نقوی، ضرغام حیدر، اشفاق حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر فہیم صدیقی اور انسپکٹر ذوالفقار شاہ شامل ہیں۔

اہم خبریں سے مزید