میرپورخاص(نامہ نگار) کراچی میں پراسرار طور پر جاں بحق ہونے والی اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کا معاملہ میرپورخاص تک پہنچ گیا۔
محکمہ صحت سندھ کے ڈپٹی ڈائریکٹر طب حکیم سجاد حسین نے کہا ہے کہ انکا اور ان کے بیٹے کا اداکارہ سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا، سوشل میڈیا پر الزامات لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے وکلاء کے ہمراہ میرپورخاص پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں پراسرار طور پر جاں بحق ہونے والی اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی لاش فلیٹ سے ملنے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک درخواست وائرل ہوئی جس میں میرے بیٹے ڈاکٹر سیرم اور مجھ پر قتل میں ملوث ہونے کا الزام لگایا جا رہا ہے۔