کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر کراچی میں خواتین پر تشدد کے رجحانات میں اضافہ واقع ہوا ہے ،ہفتہ کو مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں2خواتین ہلاک ہوگئی ،تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائون تھانہ کی حدود قصبہ ایم پی آر کالونی جمشید پمپ کے قریب مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے20سالہ سونیا زوجہ رحمت اللہ کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے،فائرنگ کی اطلاع پر پولیس اورریکسیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر مقتولہ کی لاش کو اسپتال منتقل کیا ۔ایس ایس پی ویسٹ طارق مستوئی نے بتایا ہےکہ گھریلوں تنازعہ کی بنیاد پر مقتولہ کو اسکے دیور نے فائرنگ کرکے قتل کیا ،ملزم واقعے کے بعد موقع سے فرار ہے جس کی گرفتاری کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، دریں اثناء شرافی گوٹھ تھانہ کی حدود مین روڈ شرافی گوٹھ ندی کے قریب ڈر م میں خاتون کی لاش کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پرپہنچ کر لاش کو تحویل میں لیکر اسپتال منتقل کیا ،ایس ایچ او تھانہ شرافی گوٹھ رائو خالد نے بتایا ہےکہ لاش پوری طرح مسخ ہوچکی ہے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ لاش تقریبا 20 روز پرانی ہے،فوری طور پر لاش کی شناخت نہیں ہوسکی ہے،خاتون کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جارہا ہے،پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد موت کی حتمی وجوہات کا تعین ہوسکے گا، خاتون کو کسی دوسری مقام پر قتل کرنے کے بعد اسے ڈرم میں ڈال کر رکھا گیا تھا اور جب اس میں تعفن اٹھنے لگا تو ملزمان نے ہفتہ کوکسی گاڑی کے زریعہ مذکورہ مقام پر پھینک کر فرار ہوگئے ہیں ،پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔