• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر شفقت ایاز نے لاہور میں 5اگست تحریک کے لیے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر دیا

پشاور(این این آئی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت اور چیئرمین عمران خان کے وژن کے تحت، 5 اگست کو شروع ہونے والی ملک گیر عوامی تحریک کی تیاریوں کے سلسلے میں لاہور میں بھرپور عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں، کارکنوں اور رضاکاروں نے وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز کی قیادت میں شہر کے مختلف علاقوں میں ریلیاں، کارنر میٹنگز، بینرز مہم، سوشل میڈیا کیمپین اور عوامی جلسے منعقد کیے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ یہ کوئی وقتی احتجاج نہیں بلکہ آئین کی بالادستی، انصاف کی فراہمی، سیاسی آزادی اور عمران خان کی رہائی کی تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب، بالخصوص لاہور عمران خان کا سیاسی قلعہ ہے اور یہاں کے عوام 5 اگست کو بھرپور شرکت سے ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔ ریلیوں میں شریک افراد نے کپتان کے حق میں نعرے لگائے، پاکستانی پرچم لہرائے، اور عوام کو 5 اگست کے لیے تیار رہنے کا پیغام دیا۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ یہ تحریک کسی ایک جماعت کی نہیں، بلکہ ہر پاکستانی کے مستقبل کی جنگ ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر، گلیوں میں، تعلیمی اداروں میں اور گھروں میں تحریک کا پیغام پہنچائیں۔ان کا کہنا تھا کہ 5اگست کوعوام فیصلہ کریں گے کہ وہ غلامی، جبر اور سیاسی انتقام کے نظام کو نہیں مانتے اورہر حال میں عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پشاور سے مزید