کوئٹہ( خ ن)صوبائی مشیر برائے محکمہ لیبر اینڈ مین پاور، سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے اتوار کے روز ایم این اے جمال رئیسانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کے والد، نوابزادہ سراج رئیسانی کی شہادت کے سات برس مکمل ہونے پر دلی تعزیت اور اظہارِ یکجہتی کیا۔ اس موقع پر سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے نوابزادہ سراج رئیسانی کی قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوابزادہ سراج رئیسانی شہید بلوچستان کے ان جری سپوتوں میں سے تھے جنہوں نے ہمیشہ امن، ترقی اور عوامی حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کی۔ ان کی شہادت نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے صوبے کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم نوابزادہ سراج رئیسانی شہید کے مشن اور ان کے ویژن کو زندہ رکھیں۔ ان کی قربانی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ ہم اپنے لوگوں کے مسائل کے حل اور خطے کی خوشحالی کے لیے بلا خوف کام کریں۔