• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا سے آیا قافلہ لاہور میں 36 گھنٹے بعد منتشر ہوگیا

اسلام آباد (محمد صالح ظافر) خیبرپختونخوا سے آیا قافلہ لاہور میں چھتیس گھنٹے بعد منتشر ہوگیا ہے جس کی سرکردگی صوبے کے وزیراعلی علی امین گنڈاپور کررہے تھے۔ جنگ/دی نیوزکو حد درجہ قابل اعتماد سرکاری ذرائع سے پتہ چلاہے کہ لاہور کا سفر اختیارکرنے سے قبل تحریک انصاف کے ’’بڑوں‘‘ نے باضابطہ طور پر پنجاب کی انتظامیہ کو آگاہ کردیاتھا کہ وہ کسی ہنگامے یا احتجاج کے لئے نہیں آرہے بلکہ یہ ’’ہائی پروفائل پکنک ٹور‘‘ ہوگا اس سلسلے میں میزبان حکومت کو ٹھوس ضمانتیں فراہم کی گئی تھیں یہی وجہ ہے کہ اسلام آباد سے راولپنڈی کے راستے جی ٹی روڈ کو پورے سفر میں صوبائی انتظامیہ نے کسی مقام پر قافلے کی مزاحمت نہیں کی اور نہ ہی قافلے میں شامل افراد نے کسی جگہ پڑائو کرنے یا ہنگامہ آرائی کی کوشش کی اس پورے سفرمیں کوئی ایک گاڑی یا نیا شخص اس قافلے میں شامل نہیں ہوا .پارٹی کی لیڈرشپ کواس پر ملال بھی ہے کہ اس سفر میں کسی بھی جگہ قافلے کی آئو بھگت نہیں ہوئی اور نہ ہی اس کاخیرمقدم کیاگیا سیاسی رہنمائوں کے ایسے قافلے اور جلوس جب اپنے خیر خواہ علاقوں میں سے گزرتے ہیں تواس پر گلپاشی ہوتی ہے ایسا کوئی منظر ساڑھے تین سو کلومیٹر کے پورے سفر میں کہیں نہیں ابھرا۔ قافلے کے شرکاء کی ’’خاطر مدارت‘‘ لاہور کے ایک فارم ہائوس میں کی گئی اور اس کادلچسپ پہلو جسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا کہ صوبے کی وہ خاتون چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو پوری معروضات میں قریب نہیں آنے دیاگیا جسے تحریک انصاف کے بانی نے سخت مزاحمت کے باوجود اس عہدے پر مقرر کیاتھا۔  
اہم خبریں سے مزید