صنعا(آئی این پی )یمن کے حوثی جنگجوں نے بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حملے ایک بار پھر تیز کر دئیے ہیں۔
ان حملوں سے بچنے کے لیے کچھ جہازوں نے سمندری مواصلاتی چینلز پر پیغامات نشر کیے، جن میں کہا گیا:، تمام عملہ مسلم ہے یا عملہ مکمل طور پر چینی شہریوں پر مشتمل ہے۔ کچھ نے واضح کیا کہ ان کا اسرائیل سے کوئی تعلق نہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان پیغامات کا مقصد حوثیوں کو یہ یقین دلانا تھا کہ ان جہازوں پر حملہ کرنا غیر ضروری ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ حوثی انٹیلی جنس بہت گہری ہے اور ان پیغامات سے کوئی خاص فرق نہیں پڑتا۔ گزشتہ ہفتے دو جہازوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ایک جہاز جس کے چار ارکان ہلاک ہوئے جبکہ باقی لاپتہ یا زخمی ہیں۔ دوسرا جہاز مکمل طور پر غرق ہوگیا۔
سمندری سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پیغامات صرف عملے کی مایوسی اور بے بسی کا اظہار ہیں۔
حوثیوں کی کارروائیاں مکمل معلومات اور پہلے سے طے شدہ منصوبوں کے تحت ہوتی ہیں۔
ان حملوں کے باعث انشورنس کمپنیاں بحیرہ احمر میں جہازوں کے بیمہ کی قیمتیں بڑھا چکی ہیں۔ کچھ نے تو خطرناک علاقوں کے لیے انشورنس دینا بند بھی کر دیا ہے۔