• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر میں نکاسی آب کے جامع انتظامات کو یقینی بنایا ہے،ڈپٹی کمشنر

لاہور (خصوصی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا ہے کہ مون سون کی بارشوں کے پیش نظر ایک منظم اور فوری کارروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہر میں نکاسی آب کے جامع انتظامات کو یقینی بنایا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ عملے کو مشینری کے ہمراہ فیلڈ میں بھیجا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کا بذات خود دورہ کرتے ہوئے لکشمی چوک، مال روڈ، کینال روڈ اور اطراف کا جائزہ لیا اور نکاسی آب کے انتظامات کو کنٹرول کیا۔ واسا کی ٹیمیں شہر بھر میں نکاسی آب کے لیے پوری طرح فعال کر دی گئیں اور لیسکو کو بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ شالیمار، علامہ اقبال ٹاؤن، راوی، ماڈل ٹاؤن، نشتر، رائیونڈ، سٹی، کینٹ اور واہگہ میں صورتحال کو کنٹرول میں رکھتے ہوئے، انتظامیہ نے شہر کے تمام انڈر پاسز کو کلیئر کرنے اور اہم شاہراہوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے میں کامیابی حاصل کی۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کو بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے محفوظ فاصلہ اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایات دیں۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے، سید موسیٰ رضا نے واسا کو تمام علاقوں خصوصاً نشیبی علاقوں سے پانی کی مکمل نکاسی یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔
لاہور سے مزید