کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی میں دفتر مشیر امور طلبہ اور و امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ریجن کے زیراہتمام سالانہ عظیم الشان یوم حسین ؑ کا انعقاد پارکنگ گراؤنڈ نزد آرٹس لابی میں کیا گیا، جس میں اساتذہ سمیت طلباء و طالبات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ، صدارت شیح الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کی ، خصوصی خطاب حجتہ السلام علامہ شہنشاہ حسین نقوی ، مولانا احمد اقبال رضوی ، علامہ منظر الحق تھانوی،مولانا عباس وزیری اور خانم شازیہ امام نے کیا، ڈاکٹر خالد محمود عراقی کا کہنا تھا کہ فکرِ حسینی کو عام کرنے کی ضرورت ہے ،آج بھی یزیدی عناصر موجود اور یزیدیت برے اعمال کا نام ہے، علامہ شہنشاہ حسین نقوی کا کہنا تھا کہ ہر بیدار ضمیر امام عالی مقام حضرت امام حسین ؑ کی یاد کو زندہ رکھے ہوئے ہیں، تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ معرکہ ء حق و باطل میں طاقت کے روز پر کامیاب ہونے والے ہمیشہ ناکام ہوئے ، فکر حسینی ؑ عام کر کے دہشتگردی کو شکست دی جاسکتی ہے، باب العلم کے ماننے والوں کا تقدس تعلیم ہونا چاہئے، مولانا احمد اقبال رضوی کا کہناتھا کہ جامعات میں یوم حسین ؑ کاانعقاداس بات کا ثبوت ہے کہ حسینیت فرقہ واریت نہیں بلکہ اتحادِبین المسلمین کا ذریعہ ہے،علامہ منظر الحق تھانوی کا کہناتھاکہ یزید ایک شخص کا نام نہیں بلکہ ایک طرز فکر کا نام ہے،ہمیں حسینیت عام کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، شرکا ء یوم حسین ؑ کیلئے مختلف طلباء تنظیموں کی جانب سے سبیل امام حسین ؑ کا انعقاد بھی کیا گیا تھا۔