• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھڈا مارکیٹ میں کام کے دوران وزن بڑھنے سے چھت گری، وزیر بلدیات

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ لیاری کے علاقہ کھڈا مارکیٹ میں جس فلور کی چھت گری ہے اس گھر کا مالک اپنے گھر کی چھت کا کام کروا رہا تھا اور وزن بڑھنے کے باعث وہ چھت گر گئی، جس کے نتیجہ میں 2 خواتین جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوئے ہیں، کراچی سمیت صوبے بھر میں جن 740 عمارتوں کو مخدوش قرار دیا گیا ہے اس کا دوبارہ سے سروے کرانے کے لئے ضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں سرکاری کے علاوہ کچھ پرائیویٹ اداروں کو بھی شامل کیا گیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری کے علاقہ کھڈا مارکیٹ میں ایک 6 منزلہ عمارت کی چھٹی منزل کی چھت گرنے کے واقعہ کے بعد جائے وقوعہ کے دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہو ئے کیا ،انہوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ عمارت بھی 40 سے 50 سال پرانی ہے لیکن یہ ان خطرناک عمارتوں کی فہرست میں شامل نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ کیونکہ کچھ لوگوں کی شکایات تھیں کہ ان عمارتوں میں سے کچھ ایسی عمارتوں کو بھی مخدوش قرار دیا جارہا ہے جو کچھ مرمت کے بعد قابل رہائش ہوسکتی ہیں لیکن ان کو کسی ذاتی مفاد کے باعث خطرناک قرار دہا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ حکومت کے پاس فوری گھر تو دستیاب نہیں اس لئے متاثرین کو عارضی رہائش کے لیے اسکولوں، کمیونٹی ہالز اور ہوٹلوں میں رہائش کی آفر کی جارہی ہیں، ہم جلد ہی قانون میں ترامیم لارہے ہیں، تاکہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف موثر ایکشن ہو۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید