• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن پراجیکٹ میں کروڑوں کی خردبردکا الزام

پشاور (خصوصی نامہ نگار)آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) محکمہ تعلیم نے الزام عائد کیا ہے کہ ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن پراجیکٹ، فرنیچر، آئی ٹی لیب، سولر سسٹم اورپٹرول وڈیزل کی خریداری میں کروڑوں روپے کی خرد برد ہوئی ہے لہٰذا ذمہ دار افسران کے خلاف شفاف انکوائری کراتے ہوئے سزا دی جائے۔ یہ مطالبہ ایپکا کے اجلاس میں کیا گیا جو ضلع پشاور کے صدر ہمایون خان گنڈاپور کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ایپکا محکمہ تعلیم کے صوبائی صدر فرمان اللہ جان اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔اجلاس میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ فروری سے مسلسل تبادلوں کے احکامات جاری کئے جارہے ہیں جس سے محکمے کو نقصان ہو رہا ہے اور طلبہ میں بے چینی پھیل گئی ہے۔اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ گاڑیاں منظور نظر افسران کے زیر استعمال ہیں بعض ریٹائر ملازمین بھی محکمے کی گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں ۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ مبینہ خرد برد، گاڑیوں کے ناجائز استعمال اور دیگر بے قاعدگیوں کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دی جائے اور ذمہ داروں کو سزا دی جائے۔
پشاور سے مزید