کراچی( اسٹاف رپورٹر ) سعود آباد تھانے کی حدود آر سی ڈی گراؤنڈ کے قریب جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 60سالہ باقر ولد محمد سعید موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا،واقعہ کے بعد وہاں موجود مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگا دی جبکہ ڈمپر ڈرائیور کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا ، پولیس نے ڈمپر ڈرائیور وارث کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کیا،پولیس کے مطابق متوفی دودھ سپلائی کا کام کرتا اور ایچ ایریا سعود آباد کا رہائشی تھا،احسن آباد میں کمپنی میں کام کے دوران مشین میں ہاتھ آنے سے 22 سالہ بابر ولد نور شخص زخمی ہو گیا جو عباسی شہید اسپتال میں دوران علاج وہ چل بسا، دریں اثنا لکی اسٹار سے جناح اسپتال جاتے ہوئے پل پرمنی ٹرک اور کار میں تصادم کے نتیجے میں 3افراد زخمی ہو گئے ، ٹرک کار سے ٹکرانے کے بعد حفاظتی دیوار میں جاگھسا ، پولیس کے مطابق حادثے میں کار ڈرائیور اور ٹرک میں سوار افراد زخمی ہوئے ، حادثے کے بعد پل پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی تاہم ٹریفک پولیس نے متاثرہ ٹرک کو لفٹر کے ذریعے تھانے منتقل کر دیا ۔