کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی(اسٹاف رپورٹر)قلات میں دہشت گردی نے واقعے جاں بحق صابری برادران کے 3افراد کی نمازجنازہ جمعے کو ادا کردی گئی،نماز جنازہ میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری ،وزیر بلدیات سعید غنی، نہال ہاشمی ،ڈاکڑفاروق ستار، انیس قائم خانی ، حلیم عادل شیخ،دیگر پارٹی رہنماؤں اور عزیز واقارب،اہل محلہ، سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، آصف رضاکو گلستان جوہر جب کہ محمد احمد علی صابری اور رضا علی صابری کولیاقت آباد سی ون ایریا قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا.نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ بلوچستان کے حالات افسوسناک حد تک خراب ہو چکے ہیں، جہاں ملک کے دیگر حصوں سے آنے والے معصوم مسافروں کو گولیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے، بزدل دہشتگرد اپنی مکروہ کاروائیوں سے باز نہیں آرہے ، انہوں نے وزیر اعظم پاکستان، وزیر اعلی بلوچستان سمیت ملک کی اعلیٰ عسکری و پارلیمانی قیادت سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کی امن و سلامتی تمام امور پر مقدم رکھیں اور فتنہ الہندستان کے دہشتگردوں کا قلع قمع کریں۔