اسلام آباد( تنویرہاشمی )کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کی ٹیموں نے مختلف بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں ، ڈسکوز کو ٹرانسفارمر کی مرمت کا سامان اور میٹریل سپلائی کی بولیوں میں مبینہ طور پر گٹھ جوڑ کرنے والے چار سپلائرز کے دفاتر پر ، بیک وقت لاہور اور گوجرانوالہ میں چھاپے مارے ہیں۔ یہ کمپنیاں مبینہ طور پر دیگر کمپنیوں کےساتھ مل کر، ڈسکوز کو ٹرانسفارمرز اور ان کی مرمت اور دیگر میٹریل کی سپلائی کے ٹینڈرز میں گٹھ جوڑ بنا کر بولی کے عمل کی شفافیت کو متاثر کر رہی تھیں،اگر جاری انکوائری میں کسی قسم کے گٹھ جوڑ کی تصدیق ہوئی تو کمپٹیشن کمیشن متعلقہ کمپنیوں کو شوکاز نوٹسز جاری کر کے باقاعدہ قانونی کارروائی کا آغاز کرے گا ۔