اسلام آباد (صالح ظافر) وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی آئندہ ماہ چینی شہر تیانجن میں پہلی بار ایک ہی چھت تلے موجود ہوں گے۔ چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن بھی اگلے ماہ چین کے شہر تیانجین میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں موجود ہوں گے۔ اگلے ماہ چین کے شہر تیانجین میں ہونے والا شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس ایک اہم موقع ہوگا، جہاں رکن ممالک کے رہنما تین سالوں میں پہلی بار ایک ہی میز پر روبرو بیٹھیں گے۔ دنیا اس بات کا مشاہدہ کرے گی کہ آیا شہباز شریف اور نریندر مودی مصافحہ کرتے ہیں اور اس کے بعد کوئی بامعنی مکالمہ شروع کرتے ہیں، جس کی خواہش چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن طویل عرصے سے کر رہے ہیں۔