کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے زیراہتمام آل ونگز سینئر ممبران کانفرنس ، مرکزی قیادت سے صوبے میں انٹرا پارٹی الیکشن کے انعقاد ، کوئٹہ میں صوبائی سیکرٹریٹ کے قیام کا مطالبہ ، پارٹی وفد کے مرکزی قیادت سے ملاقات کرکے سنیئر کارکنوں کے موقف سے آگاہ کرنے کا فیصلہ ، مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے زیراہتمام آل ونگز سینئر ممبران کا اجلاس اتوار کو پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سینئر نائب صدر نواب سلمان خان خلجی کے زیر صدارت کوئٹہ پریس کلب میں ہوا ۔جس میں پارٹی کے سینئر رہنماوں میر زمان لہڑی ، الحاج خدائیداد خان ترین ، ظاہر آغا ، حسن خان سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نواب سلمان خان خلجی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سے گزشتہ 40 سے 45 سال سے وابستہ کارکن آج بھی مسائل سے دوچار ہیں ، یہ دیرینہ ساتھی اور پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے کارکن آج بھی پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف اور مرکزی قیادت کے ساتھ شانہ بشانہ پارٹی جدوجہد کرتے ہوئے پارٹی کو بلوچستان میں زندہ رکھے ہوئے ہیں ۔لیکن ہر دور میں پارٹی میں نئے آنے والے اقتدار کے مزے لینے کے بعد دوسری پارٹیوں میں چلے جاتے ہیں اور دیرینہ ساتھی نظر انداز رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی ممبر سازی اور تنظیم سازی وقت اور حالات کی ضرورت ہیں ، انہوں نے کہا کہ پارٹی کو فعال اور مضبوط بنانے کے لئے صوبے مین فوری انٹرا پارٹی الیکشن کرائے جائیں اور اس وقت تک آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں پارٹی کا صوبائی سیکرٹریٹ تک نہیں ، اندورون صوبہ سے آنے والے کارکنوں کی پارٹی وزراء ، اراکین صوبائی اسمبلی اور صوبائی عہدیداروں سے ملاقات تک نہیں ہوتی جس سے ان کی مشکلات جوں کی توں رہتی ہیں ، اس لئے کوئٹہ میں پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں اور پارٹی کے نوجوانوں کو روزگار ، لیپ ٹاپ اور اسکالر شپ میرٹ پر دی جائے ۔