کوئٹہ(خ ن) صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے ہونگے، بلوچستان میں کلائمیٹ چینج کے مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں گے، میرے دفتر کے دروازے عوام کے لئے کھلے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اپنے دفتر میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، صوبائی مشیر نے کہا کہ ماحولیات کا محکمہ نہایت اہمیت کا حامل ہے، کلائمیٹ بحران اس وقت پوری دنیا کیلئے چیلنج بن چکا ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ بلوچستان میں اس مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی طرف لے جائیں،صوبائی مشیر نے کہا صوبے کو سر سبز و شاداب بنائیں گے، درختوں کی اہمیت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں درخت جتنے زیادہ ہوں گے اتنا ہی ماحول صاف ہوگا اور قدرتی آفات کے خطرات کم تر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی نسلوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے اور اس مقصد کیلئے ہر چیلنج کا مقابلہ کرنا ہے اور صورتحال کا مداوا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کلائمیٹ چینج کے بلوچستان کو سیلاب کی شکل میں بے تحاشہ نقصان اٹھانا پڑا ہے ہماری کوشش ہوگی کہ اس مسئلہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔