• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسمیاتی تبدیلیوں نے ترقی کے ثمرات کو پلٹ دیا‘ اسحٰق ڈار

اقوام متحدہ (عظیم ایم میاں)نائب وزیر اعظم اورو زیر خارجہ اسحق ڈارنے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتیرس اور جنرل اسمبلی کے صدر سے ملاقاتیں کی ہیں جبکہ اقوام متحدہ کے ہائی پولیٹکل فورم سے خطاب کرتے ہوئے اسحق ڈارکا کہنا تھاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات نے ترقی کے ثمرات کو پلٹ دیا ہے‘ پاکستان 2030کے ایجنڈے کے حصول کے لیے پوری طرح پرعزم ہے‘اگرچہ 2030ء میں صرف 5؍ سال کا عرصہ باقی رہ گیا ہے لیکن عالمی سطح پر پائیدارترقی کے اہداف (ایس ڈی جی )صرف 35؍ فیصد حاصل کئے گئے ہیں لیکن پاکستان آج بھی 2030ء تک اقوام متحدہ کے اعلان کردہ پائیدار ترقی کے مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ اپنی تین منٹ کی تقریر میں اسحاق ڈار نے ا ڑان پاکستان، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ‘دانش اسکول اورقابل تجدید توانائی کے ساتھ ساتھ نئی یونیورسٹیوں کے قیام کا ذکر بھی کیااور کہا کہ پاکستان 2030ء تک اقوام متحدہ کے طے کردہ مقاصد حاصل کرنے کا مصمم ارادہ کئے ہوئے ہے۔ ہائی لیول کانفرنس کے صدر نے مقررین کی تعداد کے پیش نظر مقررین سے درخواست کی تھی کہ وہ کوشش کرکے تین منٹ میں اپنی تقریر ختم کرنے کی کوشش کریں۔ قبل ازیں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتیرس اور جنرل اسمبلی کے صدر نے بھی خطاب کیا جبکہ مختلف ممالک کی نمائندگی کرنے والے چوتھے مقرر اسحاق ڈار نے تقریر کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدراور سیکریٹری جنرل سے ملاقاتیں کیں۔یواین سیکریٹری جنرل کے ترجمان سے جب نمائندہ جیو/جنگ نے اسحا ق ڈار/گوتیرس ملاقات کے حوالے سے سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا اس ملاقات میں پاک بھارت عارضی سیز فائر اور کشیدگی کے حوالےکوئی بات ہوئی تو ترجمان نے کہا کہ اس ملاقات کی تفصیلات سے متعلق بیان جاری ہونے کا امکان ہے ۔ سیکریٹری جنرل کے ترجمان سے مزید پوچھا گیا کہ پہلگام کا علاقہ متنازع کشمیر کا علاقہ ہے۔ سیکریٹری جنرل کا کشمیر اور پہلگام کے علاقہ کے بارے میں کیا موقف ہے تو انہوں نے نمائندہ جنگ / جیو کو بتایا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی موجودگی میں کشمیر متنازع علاقہ ہے۔
اہم خبریں سے مزید