• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شفقت علی خان کو یو اے ای میں پاکستان کا نیا سفیر مقرر کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد( صالح ظافر) وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری (یورپ) اور ترجمان، سفیر شفقت علی خان کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان کا نیا سفیر مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ وہ فیصل نیاز ترمذی کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالیں گے، جنہیں روس (ماسکو) کے لیے پاکستان کا نیا سفیر نامزد کیا گیا ہے۔ وہ خالد جمالی کی جگہ لیں گے، جو اس وقت روس میں سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔سفارتی ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ اعلیٰ سطح پر اصولی طور پر کر لیا گیا ہے، اور شفقت علی خان کی تقرری کے لیے سمری بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ وزیر اعظم کی منظوری اور ضروری رسمی کارروائی مکمل ہونے کے بعد، یو اے ای حکومت سے سفارتی رضامندی طلب کی جائے گی۔سفیر شفقت علی خان نہایت قابل اور تجربہ کار سفارت کار ہیں، اور وہ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے پہلے شخص ہیں جنہیں وزارت خارجہ میں اتنا بلند مقام حاصل ہوا۔ وہ آئندہ چند مہینوں میں سروس کے اعلیٰ گریڈ کے لیے بھی اہل ہو جائیں گے۔شفقت علی خان نے 1993 میں فارن سروس آف پاکستان (FSP) جوائن کی، اور گزشتہ 30 سالوں میں روس میں پاکستان کے سفیر (2020-23)پولینڈ میں سفیر (2017-2020) یورپ کے لیے ڈائریکٹر جنرل، دفتر خارجہ (2016-17)اقوام متحدہ جنیوا میں پاکستان کے مستقل مشن کے نائب مستقل نمائندے،اسپیکر قومی اسمبلی کے سفارتی مشیر (2014-15)۔بیجنگ میں پاکستان کے سفارت خانے میں سیاسی و تزویراتی امور کے کونسلررہے ہیں۔ان کی تعلیمی قابلیت میں کنگز کالج لندن،قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد، اپسالا یونیورسٹی، سویڈن شامل ہیں۔
اہم خبریں سے مزید