اسرائیلی پارلیمنٹ میں مغربی کنارے پر اسرائیلی خود مختاری کی قرارداد منظور کیے جانے کی عرب اور اسلامی ممالک نے شدید مذمت کی ہے اور اس اقدام کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
سعودی عرب، بحرین، مصر، انڈونیشیا، اردن، نائجیریا، فلسطین، قطر، ترکیہ، متحدہ عرب امارات، عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم نے اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے پر نام نہاد اسرائیلی خودمختاری کے نفاذ کے مطالبے کی منظوری کی شدید مذمت کی ہے۔
ان ممالک نے کہا کہ اسرائیلی قابض حکومت کے ایسے اشتعال انگیز اقدامات دو ریاستی حل کے ذریعے امن قائم کرنے کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں اور اسرئیل کے تخریبی عزائم کو ظاہر کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) میں مغربی کنارے پر قبضے کی قرارداد منظور کر لی گئی۔
مقبوضہ بیت المقدس سے موصولہ اطلاعات کے مطابق قرارداد کے حق میں 71 اور مخالفت میں 13 ووٹ آئے جبکہ 36 ارکان غیر حاضر رہے۔