اسلام آباد ( رپورٹ:…حنیف خالد)قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان بھر میں پراپرٹی اور ہاؤسنگ سیکٹر میں ہونے والے فراڈ کی روک تھام اور شفاف خرید و فروخت کو یقینی بنانے کے لیے ایک جدید ترین آن لائن نظام تیار کر لیا ہے چیئرمین نیب جلد افتتاح کرینگے، سسٹم سے فراڈ ،جعلسازی کا خاتمہ ممکن، پورے پاکستان کے پلاٹس کا ریکارڈ ڈیجیٹل پورٹل پر ہوگا، پلاٹ یا سوسائٹی کی قانونی حیثیت، این او سی، نقشہ، مالکان کی تفصیلات ، تصدیق شدہ رپورٹ خرید و فروخت کیلئے استعمال ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق یہ جدید تریں الٹرا ماڈرن لیک پروف آن لائین سسٹم نیب اسلام آباد/ راولپنڈی کے ڈائریکٹر جنرل نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر تیار کیا ہے، جس کے ذریعے ملک بھر کے تمام پلاٹس کا ریکارڈ ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر دستیاب ہوگا۔ذرائع کے مطابق اس سسٹم کے ذریعے ہر شہری کو یہ سہولت حاصل ہوگی کہ وہ کسی بھی پلاٹ یا ہاؤسنگ سوسائٹی کی قانونی حیثیت، این او سی، نقشہ، اور اصل مالکان سے متعلق تفصیلات صرف چند کلکس میں حاصل کر سکے گا۔نیب حکام کا کہنا ہے کہ یہ نظام اتنا وسیع اور ہمہ گیر ہوگا کہ پورے پاکستان کے پلاٹس کا مکمل ریکارڈ اس ڈیجیٹل پورٹل پر موجود ہوگا۔ عوام صرف پلاٹ نمبر کے ذریعے کسی بھی پلاٹ کی تصدیق کر سکیں گے اور سسٹم سے جاری ہونے والی تصدیق شدہ رپورٹ کو خرید و فروخت کے لیے قانونی دستاویز کے طور پر استعمال کیا جا سکے گا۔اس سسٹم کا مقصد نہ صرف شہریوں کو جعلسازی سے بچانا ہے بلکہ ہاؤسنگ اسکیمز میں اوور سیلنگ، جعلی فائلز، اور غیر قانونی زمینوں کی خرید و فروخت جیسے سنگین جرائم کا خاتمہ بھی ہے۔نیب کے مطابق یہ پلیٹ فارم قانون نافذ کرنے والے اداروں، ریگولیٹری اتھارٹیز، اور عام شہریوں کے لیے ایک مؤثر ٹول ثابت ہوگا، جس سے ہاؤسنگ سیکٹر میں شفافیت اور اعتماد کو فروغ ملے گا۔ترجمان نیب نے کہا کہ یہ نظام جلد عوام کے لیے دستیاب ہوگا اور اس کی بدولت پلاٹ خریدنے یا بیچنے سے پہلے مکمل تصدیق ممکن ہو سکے گی۔