• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری رک گئی، مالی مشیر جے ایل ایل مستعفی

اسلام آباد(اسرار خان، ناصر چشتی) نیویارک میں واقع پاکستان کے مشہورِ زمانہ روز ویلٹ ہوٹل کی مجوزہ نجکاری تاخیر کا شکار ہو گئی ہے کیونکہ عالمی شہرت یافتہ رئیل اسٹیٹ فرم جونز لینگ لاسالے (JLL) نے مفادات کے ممکنہ ٹکراؤ کی بنیاد پر مالی مشیر کے طور پر خدمات انجام دینے سے معذرت کر لی ہے۔ JLL نے بتایا کہ اس کے بعض کلائنٹس ہوٹل خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، جس سے مفادات کا تصادم پیدا ہو سکتا ہے۔حکومتی ذرائع نے جمعرات کو روزنامہ دی نیوز کو بتایا کہ حکومت اگلے ماہ اس سودے کے لیے دلچسپی کے اظہار (EOIs) طلب کرنا چاہتی تھی، مگر اب نئے مالی مشیر کی تقرری کے لیے عمل دوبارہ شروع کرنا پڑے گا، جس سے یہ عمل کم از کم چار سے چھ ماہ تاخیر کا شکار ہو جائے گا۔نجکاری کمیشن کا بورڈ جلد اجلاس منعقد کرے گا تاکہ نئے مشیر کی تقرری کی منظوری دی جا سکے، جس کے بعد اس کا اشتہار بین الاقوامی سطح پر جاری کیا جائے گا۔پاکستان نے روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے لیے جونز لینگ لاسالے امیریکاز کو مالی مشیر مقرر کیا تھا، جس پر 2.1 ارب روپے لاگت آئی۔ اس مشیر کی فیس میں مختلف مراحل پر مبنی ادائیگیاں اور سودے کے مکمل ہونے پر 0.95 فیصد کامیابی کی فیس شامل تھی۔ JLL نے ہوٹل کی مکمل جانچ پڑتال (due diligence) کر کے جون 2024 میں مختلف سودے کے ڈھانچوں پر مبنی رپورٹس جمع کرائی تھیں۔تقریباً ایک سال کی تاخیر کے بعد 8 جولائی 2025 کو کابینہ کی نجکاری کمیٹی (CCOP) نے تین تجاویز میں سے مشترکہ منصوبے (Joint Venture) کے ماڈل کی منظوری دی تھی۔
اہم خبریں سے مزید