اسلام آباد (خالد مصطفیٰ)حکومت پچاس ہزار رہائشی یونٹس کی مالی معاونت کی منظوری دینے کو تیار، بیس سال تک کے قرضوں کے لیے 100ارب روپے کے فنانسنگ پلان کی منظوری دی جائے گی۔ ایک اہم اور مثبت پیشرفت میں حکومت آج (جمعہ) 2025-26 کے موجودہ مالی سال میں 50000 رہائشی یونٹس کی مالی معاونت کی منظوری دینے کے لیے تیار ہے اور اس مقصد کے لیے موجودہ حکومت اس مالی سال میں 100ارب روپے جاری کرے گی۔ وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس آج (جمعہ) کو ای سی سی کے اجلاس میں منظوری کے لیے ایک سمری پیش کرے گی۔سمری کے مطابق حکومت پہلی بار گھر اور فلیٹ کے مالکان کو 20 سال تک ہاؤسنگ فنانس حاصل کرنے کے قابل بنائے گی جس میں پہلے 10 سال کے لیے سبسڈی والی مقررہ شرح اور اگلے 10 سال کے لیے مارکیٹ کی شرح لاگو ہوگی۔ تاہم، اس سکیم کے تحت مالیاتی اداروں کے بقایا پورٹ فولیوز پر پہلے نقصان کی بنیاد پر 10 فیصد رسک کوریج فراہم کی جائے گی۔ٹیر 1 کے تحت زیادہ سے زیادہ قرض 20 لاکھ روپے تک ہوگا، اور ٹیر 2 کے تحت یہ 20 لاکھ روپے سے زیادہ یا 35 لاکھ روپے تک ہوگا۔ قرض کی زیادہ سے زیادہ مدت 20 سال ہوگی جس میں پہلے 10 سال کے لیے سبسڈی دی جائے گی۔