کراچی (اسٹاف رپورٹر) خاتون اول اور قومی اسمبلی کی رکن آصفہ بھٹو زردار نے جمعرات کو سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی کے مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر اسپتال اعظم بستی اور بچوں کے اسپتال کورنگی نمبر 5 کا دورہ کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر صحت و بہبود آبادی سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔ اعظم بستی کے اسپتال میں ان کا استقبال پی پی پی کراچی ڈویژن کے صدر اور صوبائی وزیر سندھ لوکل گورنمنٹ سعید غنی نے کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا، عملے اور ڈاکٹروں سے بات چیت کی اور بچوں کے والدین سے ملاقات کی جو علاج کی غرض سے اسپتال میں موجود تھے۔ خاتون اول نے طبی ٹیموں کی محنت کو سراہا اور سندھ حکومت کے کراچی کے پسماندہ علاقوں میں ماں اور بچے کی صحت کے شعبے میں بے مثال خدمات کے عزم کو سراہا۔ آصفہ بھٹو زرداری نے خاص طور پر نوزائیدہ اور بچوں کے لیے مفت علاج کی فراہمی اور ایس آئی سی ایچ این کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک کے تحت فراہم کی جانے والی خصوصی صحت کی خدمات کو بے حد سراہا۔ انہوں نے مریضوں کے خاندانوں سے بات کی اور علاج کے معیار، سروسز کی سہولت اور عملے کے رویے پر ان کی آراء حاصل کیں۔ آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ آج یہاں جو عزم اور محنت دیکھی گئی ہے، وہ ہمارے قوم کے بچوں اور ماؤں کی صحت کے روشن مستقبل کی غمازی کرتی ہے۔ خاتون اول کا دورہ اس بات کا غماز ہے کہ حکومت سندھ بچوں اور ماؤں کی صحت کے شعبے میں مفت اور معیاری خدمات فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔کراچی میں اعظم بستی، کورنگی، جے پی ایم سی اور سوبھراج اسپتال کے علاوہ سندھ کے مختلف شہروں سکھر، نوابشاہ اور لاڑکانہ میں بھی یہ خدمات فراہم کی جارہی ہے۔