غزہ(جنگ نیوز، اے یف پی) غزہ میں اسرائیلی حملوں میں79فلسطینی شہید،453زخمی ہوگئے، بھوک سے اموات جاری، مزید2 لقمہ اجل، عالمی میڈیا نے غزہ تک رسائی د ینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو کو درپیش مشکلات میں اب بھوک اور قحط بھی شامل ہو گیا۔جبکہ حماس کا کہنا ہے جنگ بندی کی اسرائیلی تجویز کا جواب دیدیا ہے۔ غزہ میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں کم از کم79فلسطینی شہید اور 453زخمی ہو گئے، جن میں 23افراد امداد کے حصول کی کوشش کے دوران شہید ہوئے۔ اس دوران پچھلے حملوں کے ملبے سے مزید 10لاشیں بھی نکالی گئیں۔ 7اکتوبر2023سے جاری اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں اب تک کل 59,587فلسطینی شہید اور 1,43,498زخمی ہو چکے ہیں۔ وزارت نے بتایا کہ 279ایسی اموات کو بھی شامل کر لیا گیا ہے جن کی تصدیق عدالتی کمیٹی نے "لاپتہ افراد" کے طور پر کی تھی۔ مزید یہ کہ 27مئی سے اسرائیل کی جانب سے نئی امدادی پالیسی کے نفاذ کے بعد سے اب تک 1,083امداد کے متلاشی شہری شہید اور 7,275زخمی ہو چکے ہیں۔