کراچی (نیوز ڈیسک) آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی (APNS) کے ایک وفد نے کراچی میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ملاقات کی۔ وفد میں اے پی این ایس کے صدر سینیٹر سرمد علی اور سیکریٹری جنرل محمد اطہر قاضی شامل تھے۔ اے پی این ایس کے عہدیداران نے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو اخباری صنعت کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔ وفد نے پرنٹ میڈیا، خصوصاً علاقائی اور مقامی زبانوں میں شائع ہونے والے اخبارات کے حجم میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت آزادی صحافت اور اخباری صنعت کے اہم کردار کو تسلیم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرنٹ میڈیا عوام میں شعور اجاگر کرنے اور جھوٹی خبروں کے خلاف درست معلومات فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اخبارتی صنعت کے تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی اور اس حوالے سے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی جائیں گی تاکہ اس صنعت کو درپیش مسائل کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔