کراچی (اسٹاف رپورٹر )اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے 104چوری شدہ گاڑیاں بازیاب کر کے اصل مالکان کے حوالے کر دیں۔اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کراچی کی جانب سے چوری اور چھینی گئی گاڑیوں کی بازیابی کے بعد شہریوں کو ان کی ملکیت واپس کرنے کی تقریب ہفتہ کو اے وی ایل سی شریف آباد میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایس ایس پی اے وی ایل سی امجد شیخ تھے جنہوں نے شہریوں کو ان کی بازیاب شدہ گاڑیاں سپرد کیں۔ترجمان اے وی ایل سی کے مطابق اس موقع پر 104گاڑیاں ان کے اصل مالکان کو واپس کی گئیں جن میں ٹویوٹا ریوو، ٹویوٹا کرولا جی ایل آئی ، سوزوکی مہران، سوزوکی کلٹس، ہونڈا سٹی اور دیگر ماڈلز کی گاڑیاں شامل تھیں۔ پولیس کے مطابق یہ گاڑیاں ملک کے مختلف علاقوں بشمول پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ سے کامیاب انویسٹی گیشنز اور ٹیکنیکل کارروائیوں کے ذریعے برآمد کی گئیں۔ تقریب میں متاثرہ شہریوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔