کراچی( اسٹاف رپورٹر )مختلف حادثات میں دو بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق منگھو پیر کے علاقے نادرن بائی پاس نہر دعا ہوٹل کے قریب تیز رفتار ڈمپرکی ٹکر سے 13 سالہ راہگیر بچہ جاں بحق ہو گیا جس کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ایس ایچ او عمران خان کے مطابق متوفی کی شناخت عظیم ولد رضا محمد کے نام سے ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور وہاں سے فرار ہوا،پولیس نے اس کا پیچھا کیا تاہم وہ ڈمپر چھوڑ کر فرار ہو گیا،پولیس نے ڈمپر کو تحویل میں لے لیا ہے،متوفی بچہ اسی علاقے کا رہائشی تھا۔ماڑی پور روڈ آئی سی آئی چوک کرما والی مسجد کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے راہگیر جاں بحق ہو گیا جس کی لاش کو سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔متوفی کی شناخت 32 سالہ محمود ولدیت آصف محمود کے نام سے ہوئی۔ منگھوپیر تھانے کی حدود اجتماع گاہ گیٹ نمبر ایک کے قریب گھر میں پانی کے ٹینک میں ڈوب کر دو سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا جس کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کہا گیا ۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت عبدالہادی ولد گل محمد کے نام سے ہوئی۔