• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کے شہر زاہدان میں مسلح افراد کا عدالتی کمپاؤنڈ پر حملہ، 6 افراد جاں بحق، 3 دہشت گرد ہلاک

تہران(اے ایف پی، جنگ نیوز)ایران کے شہر زاہدان میں عدالتی کمپائونڈ پر مسلح افراد نے دھاوا بول دیا ،حملے میں3سکیورٹی اہلکاروں سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے ،سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 3دہشت گرد بھی مارے گئے۔صوبائی چیف جسٹس کے مطابق تینوں حملہ آوروں نے خودکش جیکٹس پہن رکھی تھیں، مہمانوں کے روپ میں عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔ ایرانی میڈیا نے بتایا کہ اس حملے کی ذمہ داری کالعدم جیش العدل نے قبول کی ہے۔ عدلیہ کے میزان آن لائن نیوز آؤٹ لیٹ کے مطابق، صوبائی چیف جسٹس علی موحدی راد نے بتایا کہ حملے میں کم از کم 22 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔ موحدی راد نے مزیدبتایا کہ کہ پاسداران انقلاب کے قدس ہیڈ کوارٹر کے اعلان کے مطابق تینوں حملہ آور ہلاک ہو چکے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں عدالت کی حفاظت پر مامور قانون نافذ کرنے والے تین اہلکار بھی شامل تھے۔ سیستان و بلوچستان صوبے کے ڈپٹی پولیس کمانڈر علیرضا دلیری نے بتایا کہ حملہ آوروں نے عمارت کے اندر ایک دستی بم بھی پھینکا تھا۔

اہم خبریں سے مزید