کراچی(عبدالماجد بھٹی)ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں اور مشکلات دور ہوگئیں۔بھارتی پر وپیگنڈہ بھی دم توڑ گیا۔ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے ٹورنامنٹ9 سے28 تک ایشیا کپ، متحدہ عرب امارات میں بھارت کی میزبانی میں کرانے کا اعلان کرتے ہوئے شیڈول بھی جاری کردیا ہے۔پاکستان اور بھارت کو ایک گروپ میں رکھا گیا ہے۔ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ امارات اور ہانگ کانگ کے درمیان اور فائنل 28ستمبر کو کھیلا جائے گا۔پاکستان عمان کے خلاف میچ 12ستمبر ،بھارت کے خلاف 14ستمبر،پاکستان اور متحدہ عرب امارات میچ 17ستمبر کو کھیلا جائے گا سپر فور میں پاک بھارت میچ 21ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ ہر گروپ سے دو ٹاپ ٹیمیں سپر فور مرحلے کے لئے کوالی فائی کریں گی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پرہفتے کو اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ ایشیاء کپ یو اے ای میں کھیلا جائے گا، چند گھنٹے بعد ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔پاکستان کے گروپ میں بھارت، عمان اور متحدہ عرب امارات کو رکھا گیا ہے جبکہ گروپ بی میں سری لنکا،بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں ہیں ۔20ستمبر سے سپر فور مرحلہ شروع ہوگا20 ستمبر کو بی ون اور بی ٹو کے درمیان میچ ہوگا21 ستمبر کو سے ون اور اے ٹو کے درمیان میچ رکھا گیا ہے۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ مجھے ایشیاء کپ کی تاریخوں کا اعلان کرکے خوشی ہو رہی ہے کرکٹ کے دلچسپ مقابلوں کے منتظر ہیں، تفصیلی شیڈول کا اعلان بھی جلد کر دیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشاء کپ سے متعلق تمام معاملات طے ہوگئے۔پاکستان بھارت کے درمیان گروپ میچ کے بعد سپر فور مرحلے میں دوسری بار مقابلہ ہوگا ۔روایتی حریف ٹورنامنٹ میں تیسری بار سیمی فائنل یا فائنل میں مد مقابل آسکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی اور ابوظہبی ایشیا کپ میچوں کی میزبانی کریں گے۔پی سی بی چیئر مین محسن نقوی کی صدارت میں ایشین کرکٹ کونسل کی ڈھاکا میں ہونے والی میٹنگ میں بھارت کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے آن لائن اجلاس میں شرکت کی تھی۔