اسلام آباد(رپورٹ:،رانامسعود حسین ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے 9 مئی کے جلائو گھیرائو اور دہشت گردی کے 8مقدمات میں ضمانت مسترد ہونے پر سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ۔ ،ہفتہ کے ر وز دائر آٹھ علیحدہ علیحدہ اپیلوں میں پراسیکوٹر جنرل پنجاب کے ذریعے وفاق پاکستان کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ ان پر 9مئی کے واقعات میں معاونت/ اعانت مجرمانہ کا الزام بے بنیاد اور بد نیتی پر ہے، وقوعہ کے وقت وہ نیب حکام کی حراست میں تھے ،اس وجہ سے ان کا ان جرائم میں ملوث ہونا ناممکن ہے جبکہ پراسیکیوشن کے متضاد بیانات بھی کیس کو مشکوک بناتے ہیں، ان مقدمات میں مزید تفتیش کی ضرورت ہے،پولیس نے 5 ماہ تک انکی گرفتاری سے گریز کیاہے۔