کراچی(این این آئی) لانڈھی جیل میں قیدیوں سے ملاقات کیلئے آنے والی خواتین کو ہراساں کرنے اور ان سے رشوت طلب کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لانڈھی جیل کے ایک قیدی کی بیٹی رمشا طارق نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے اور چیف جسٹس کو ایک خط کے ذریعے معاملے سے آگاہ کیا ہے۔رمشا طارق کے مطابق لانڈھی جیل میں تعینات اے ایس آئی سے غیر مناسب تعلقات قائم رکھنے کیلئے دباؤ ڈالتا ہے، اور غیر مناسب تعلقات قائم نہ رکھنے پر جیل میں قید ان کے والد کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دی جاتی ہے۔ درخواست گزار نے شکایت کی کہ اے ایس آئی اور ایک سپاہی والد سے ملاقات کیلئے رشوت طلب کرتے ہیں، ابتدا میں 3 ہزار روپے ایک ملاقات کیلئے مانگے جا رہے تھے، اب رشوت کی رقم بڑھا کر ایک ملاقات میں 5 ہزار مانگے جا رہے ہیں۔رمشا طارق نے مطالبہ کیا ہے کہ انھیں ہراساں کرنے والے اے ایس آئی کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور رشوت مانگنے والے اے ایس آئی اور سپاہی سے بھی تحقیقات کی جائے اور اس تمام معاملے کی کسی ایمان دار افسر سے شفاف تحقیقات کروائی جائے۔ادھر ڈی آئی جی جیل نے بتایا کہ خاتون کی شکایت انھیں مل گئی ہے جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جن افسران اور اہلکاروں پر الزام ہے ان کیخلاف محکمانہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے، انکوائری میں الزامات ثابت ہونے پر ملوث افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔